سندھ ترقی پسند پارٹی کے سینئر رہنمائوں کا اہم اجلاس

موجودہ سیاسی صورت حال، سندھ کو درپیش خطرات اور یومِ مادرِ وطن کی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا

جمعہ 2 جنوری 2026 04:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2026ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے سینئر رہنمائوں کا اہم اجلاس پارٹی چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی زیر صدارت ہوا، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال، سندھ کو درپیش خطرات اور یومِ مادرِ وطن کی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 14 فروری 2026 کو محبت کے عالمی دن کے موقع پر یومِ مادرِ وطن قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔

اس سلسلے میں یومِ مادرِ وطن کا سالانہ عظیم الشان جلسہ 14 فروری کو ہٹڑی بائی پاس پر منعقد کیا جائے گا، جس میں لاکھوں سندھی عوام شرکت کر کے مادرِ وطن سے محبت، وفاداری اور جدوجہد کے عہد کی تجدید کریں گے۔فیصلے کے مطابق جلسے کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو یومِ مادرِ وطن ایوارڈ بھی دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جلسے میں شرکت کے لیے نامور ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور سیاسی رہنماں کو دعوت دی جائے گی، جب کہ سندھ کے معروف فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ڈاکٹر قادر مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال یومِ مادرِ وطن کا جلسہ تاریخی نوعیت کا ہو گا، محبت کے عالمی دن پر لاکھوں سندھی اکٹھے ہو کر اپنی دھرتی سے محبت کا اظہار کریں گے اور عہدِ وفا کی تجدید کریں گے، انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک میں تمام صوبوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق نہیں دیے جاتے اور پارلیمنٹ کی بالادستی قائم نہیں کی جاتی، اس وقت تک ملک میں حقیقی جمہوریت قائم نہیں ہو سکتی۔

سندھ کے عوام کو اب بیدار ہونا ہو گا، کیونکہ اس وقت سندھ کے خلاف سازشیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ کو درپیش تمام مسائل سے نجات کا واحد حل یہ ہے کہ عوام متحد ہو کر جاگیردار طبقے سے اقتدار چھینیں اور محنت کش و مزدور طبقے کے حقیقی نمائندوں کو اقتدار تک پہنچائیں، انہوں نے کہا کہ سندھ سات کروڑ سندھیوں کا وطن ہے، جس کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش برداشت نہیں کی جائے گی، دریائے سندھ کے پانی اور سندھ کی وحدت کے خلاف کسی بھی قسم کی بکواس برداشت نہیں کی جائے گی، ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ اللہ تعالی نے سندھ کو ہر نعمت سے نوازا ہے، مگر افسوس کہ اس زرخیز خطے کے لوگ آج ایک وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔

کرپشن، لوٹ مار اور بدانتظامی کے باعث سندھ کنگال ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھی عوام سے ووٹ لے کر اقتدار حاصل کیا اور پھر عوام کو فراموش کر دیا، جبکہ سندھ میں جاگیرداروں کو مزید مضبوط کیا، پیپلز پارٹی ہمیشہ سندھ دشمن اور عوام دشمن فیصلے کرتی رہی ہے، اور اقتدار و وفاقی جماعتوں کا عوام کے دکھ درد سے کوئی تعلق نہیں رہا، لہذا اب جاگیردار دوست وفاقی جماعتوں سے عوام کو کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے۔اجلاس میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین حیدر شاہانی، ہوت خان گاڑھی، ڈاکٹر عبدالحمید میمن، قادر چنہ، امتیاز سموں، ڈاکٹر سومار مگھریو، حیدر ملاح، گوتم چنہ، ڈاکٹر مظہر میمن، جان محمد جونیجو، محمد علی ابڑو سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔