نصیرآباد میں این اے 65 تا فیض آباد روڈ شہید معراج احمد عمرانی کے نام سے منسوب

ہفتہ 3 جنوری 2026 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2026ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی منظوری سے نصیرآباد میں این اے 65 تا فیض آباد روڈ کو شہید معراج احمد عمرانی کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار اور پاکستان پیپلز پارٹی نصیرآباد ڈویژن کے صدر میر بلال صادق عمرانی کے ہمراہ باضابطہ طور پر روڈ کو شہید میر معراج احمد عمرانی کے نام سے منسوب کرنے کی افتتاحی تقریب منعقد کی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر معززین اور معتبرین کی بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں میر مقبول احمد عمرانی، محمد شریف عمرانی، رحم علی عمرانی، صفدر حسین عمرانی، خان محمد سیال، مٹھا خان رند، رئیس نظیر، رحمت عمرانی، محسن علی عمرانی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی، شاہ زیب احمد عمرانی، جاوید شریف عمرانی، آصف عظیم عمرانی، مٹھا خان سیال سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد اور قومی ہیروز کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ میر بلال صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہدا کے خاندانوں کی قدر کرتی ہے اور عوامی خدمت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکانے شہید معراج احمد عمرانی کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔