بدین میں ایک محنت کش نوجوان کو قتل کر دیا گیا مگر قاتل اس لئے گرفتار نہیں ہوتے کہ وہ بالادست طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، قادر مگسی

ملک میں طاقتور کا قانون رائج ہے،عوام 24 گھنٹے سے زائد عرصے سے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں جبکہ قانون بے بس نظر آتا ہے

جمعہ 9 جنوری 2026 20:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2026ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ اس ملک میں طاقتور کا قانون رائج ہے، بدین میں ایک محنت کش نوجوان کو قتل کر دیا گیا مگر قاتل اس لئے گرفتار نہیں ہوتے کہ وہ بالادست طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، عوام 24 گھنٹے سے زائد عرصے سے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں جبکہ قانون بے بس نظر آتا ہے۔

14 فروری کو حیدرآباد میں یومِ مادرِ وطن کے سلسلے میں منعقد ہونے والے عوامی جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے کراچی ڈویژن کے مختلف اضلاع کے رہنماں کا ایک اہم اجلاس پارٹی چیئرمین کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں یومِ مادرِ وطن کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ذمہ داریاں تفویض کی گئیں، اجلاس کے دوران بدین میں قتل کیے گئے محنت کش نوجوان کیلاش کولہی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا بھی سخت مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیتی آئی ہے اور بدین ضلع کے ایس ٹی پی کارکنان دھرنے میں موجود ہیں اور ورثا کو انصاف ملنے تک موجود رہیں گے، انہوں نے کہا کہ پوری سندھ جاگیرداروں اور وڈیروں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے، جبکہ وفاقی جماعتوں نے نہ صرف جاگیردار طبقے کو مضبوط کیا ہے بلکہ انہیں اقتدار میں شامل کر کے مزید اختیارات بھی دے دیئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر قانون جاگیرداروں اور بھوتاروں کے سامنے بے بس ہو چکا ہے، یہاں تک کہ سی ایس ایس پاس افسران بھی ان پڑھ بھوتاروں کے سامنے ہاتھ باندھے سر جھکائے کھڑے نظر آتے ہیں۔

معاشی وسائل سے مالا مال اس دھرتی کے اصل وارث انتہائی غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سندھ کے مفادات کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں جن میں پیپلز پارٹی سمیت تمام وفاقی جماعتیں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ اب سندھ کے محنت کش اور مظلوم طبقے کو متحد ہو کر سندھ پر مسلط جاگیرداروں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ جب تک ووٹ کا درست استعمال نہیں کیا جائے گا، سندھ مشکلات سے نہیں نکل سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی محنت کش طبقے کی نمائندہ جماعت ہے جو اقتداری ایوانوں میں بھوتاروں اور جاگیرداروں کے بجائے محنت کش طبقے کی اولاد کو دیکھنا چاہتی ہے۔اجلاس سے سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین حیدر شاہانی، ہوت خان گاڑھی، ڈاکٹر عبدالحمید میمن، قادر چنا، امتیاز سموں، ڈاکٹر سومار مگریو، حیدر ملاح، اعجاز سامٹھیو، ڈاکٹر مظفر میمن، خیر محمد مگسی اور دیگر رہنماں نے بھی خطاب کیا۔