موسم کی خرابی، انتظامی مسائل کے باعث 4 پروازیں منسوخ، 67 تاخیر کا شکار

ہفتہ 10 جنوری 2026 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2026ء) موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث ہفتہ کے روز بھی 4پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ 67پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق پشاور دوحہ کے مابین غیرملکی ایئر لائن کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ لاہور مشہد کے درمیان غیرملکی ایئر لائن کی 2پروازوں کو منسوخ کیا گیا ۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ کی 27پروازوں میں 1سے ساڑھے 5گھنٹے تک تاخیر ہوئی ، پشاور ایئرپورٹ پر 6، ملتان کراچی 16جبکہ لاہور کی 10 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔شدید دھند اور خراب موسمی صورتحال کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اندرون و بیرونِ ملک آنے اور جانے والی مجموعی طور پر 22پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، دھند کے باعث حدِ نگاہ 50میٹر تک محدود ہو گئی، جس کے باعث دبئی، جدہ، ابو ظہبی، ریاض، استنبول، دوحہ، کراچی اور شارجہ جانے اور آنے والی پروازیں دو سے پانچ گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر دھند میں لینڈنگ کے جدید نظام موجود ہونے کے باوجود بعض ایئرلائنز نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر اپنی پروازیں آپریٹ نہیں کیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔متاثر ہونے والی ایئرلائنز میں پی آئی اے، سعودی ایئر، اتحاد ایئر، ایئر بلیو، امارات ایئر، سیال ایئر اور ترکش ایئرلائنز شامل ہیں۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ملکی و غیر ملکی تمام ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال معلوم کر لیں تاکہ غیر ضروری انتظار سے بچا جا سکے۔ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی فلائٹ آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔