کراچی، ڈائو یونیورسٹی اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی تعاون کے نئے امکانات، ہائی کمشنر کی وائس چانسلر سے ملاقات

جمعرات 29 جنوری 2026 16:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2026ء) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان کی سربراہی میں بنگلہ دیش کے سفارتی وفد نے ملاقات کی وائس چانسلر بورڈ روم میں ہونے والی اس ملاقات میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ساجدہ قریشی،رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق، پرنسپل ڈی ایم سی پروفیسر صبا سہیل ، ڈاکٹر صنم سومرو، ڈاکٹر طیبہ، ڈی آئی ایم سی کی پرنسپل عظمی بخاری،پرنسپل ڈا کالج آف فارمیسی سنبل شمیم جبکہ بنگلہ دیشی وفد میں ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب صداقت اور پریس قونصلر طیب علی بھی شامل تھے اس موقع پربنگلہ دیشی وفد کے سربراہ نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان علامہ اقبال اسکالرشپ کے تحت بنگلہ دیش کے طلبہ کو پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع خوش آئند ہیں وفد نے باہمی دلچسپی کے علاوہ تعلیمی سہو لتوں اور اس بارے میں تفصیلات پر بھی تبادلہ خیال کیا انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ڈا یونیورسٹی میں بنگلہ دیشی طلبہ کو بھی موقع دیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈائویونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے کہا کہ ایچ ای سی کی جانب سے رہنما اصولوں اور قواعد و ضوابط کے تحت بنگلہ دیش کے طلبہ کو تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں گی بنگلہ دیش کے وفد نے یونیورسٹی میں تعلیمی سہولتوں کے اعلی معیار، فیکلٹی کی قابلیت کی تعریف کی اور کہا کہ ڈائو یونیورسٹی کو ان سہولتوں سے بنگلہ دیش کے طلباکو مستفید ہونے کا موقع ملے گا بنگلہ دیش کے وفد نے حکومت پاکستان کی جانب بنگلہ دیش سے تعلقات معمول پہ لانے کی کوششوں کی تعریف کی وفد کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش اسلامی بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور تعلیمی شعبے میں بھی نئے راستے کھلیں گے ۔

ڈائو یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے بنگلہ دیشی وفد کے سربراہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ رجسٹرار ڈاکٹراشعر آفاق نے وفد کے اراکین کوسندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔