اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کی پانچویں سمسٹر کی طالبہ مناہل ندیم نے آل پاکستان فرسٹ پرامپٹ انجینئرنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

جمعہ 30 جنوری 2026 16:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2026ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کی پانچویں سمسٹر کی طالبہ مناہل ندیم نے آل پاکستان فرسٹ پرامپٹ انجینئرنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اسلامی یونیورسٹی کیلئے یہ ایک نمایاں اعزاز ہے۔ قومی سطح کے مقابلے میں ملک بھر کی جامعات سے تعلق رکھنے والے 2 ہزار 500 سے زائد طلباء نے شرکت کی جس کا مقصد مصنوعی ذہانت، جدت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں طلباء کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔

(جاری ہے)

طالبہ مناہل ندیم کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف ان کی فنی مہارت کو اجاگر کیا بلکہ اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ میں فراہم کی جانے والی معیاری تعلیمی و تحقیقی تربیت کا بھی عملی ثبوت پیش کیا۔ مقابلہ دو سخت اور جامع مراحل پر مشتمل تھا جبکہ فائنل راؤنڈ میں کارکردگی کا جائزہ معروف صنعتی ماہرین نے لیا جس سے انتخاب کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا۔ یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامیہ نے اس کامیابی پر طالبہ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مناہل ندیم نے اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنے والدین بلکہ جامعہ کا بھی نام روشن کیا ہے۔