داتا دربار میں روزانہ ’’کشف المحجوب درس‘‘ کا آغاز ہوگیا‘ ڈاکٹراحسان بھٹہ

بدھ 4 فروری 2026 17:22

داتا دربار میں روزانہ ’’کشف المحجوب درس‘‘ کا آغاز ہوگیا‘ ڈاکٹراحسان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2026ء) شبِ برات کی مناسبت سے سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اوقاف ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشف المحجوب درس‘‘ کو عام زائرین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر دربارِ حضرت مخدوم سید علی ہجویریؒ میں شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر جنرل اوقاف شاہد حسن کلیانی، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ یہ روحانی اہمیت کے حامل اقدام کو ڈپٹی پرائم منسٹر و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے وژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد عوام میں اسلامی تعلیمات، صوفیانہ اقدار اور اخلاقی رہنمائی کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ درس کشف المحجوب کی تعلیمات پر مبنی ہیں جو محبت، رواداری، روحانی پاکیزگی، صبر اور سماجی ہم آہنگی پر زور دیتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد زائرین کو مستند دینی و اخلاقی رہنمائی فراہم کرنا اور داتا دربار کے روحانی ماحول اور تقدس کو برقرار رکھنا ہے۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ یہ اقدام عوام اور زائرین کی طرف سے بہت سراہا گیا ہے، جنہوں نے اسے ایک مثبت اور تعمیری قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف زائرین کے روحانی تجربے کو بڑھاتے ہیں بلکہ اوقاف ڈیپارٹمنٹ اور دربار حضرت داتا گنج بخشؒ کی مثبت شبیہہ قائم کرنے میں بھی مددگار ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ اوقاف ڈیپارٹمنٹ مستقبل میں بھی ایسے روحانی اور اصلاحی اقدامات جاری رکھے گا تاکہ مذہبی ہم آہنگی، روحانی شعور اور سماجی یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔