سی ڈی ایف کی نوٹیفکیشن پرپروپیگنڈا کیا گیا، ترجمان پاک فوج

جمعہ 5 دسمبر 2025 17:43

سی ڈی ایف کی نوٹیفکیشن پرپروپیگنڈا کیا گیا، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2025ء) ترجمان پاک لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سی ڈی ایف کی نوٹیفکیشن پر پروپیگنڈا کیا گیا،نوٹیفکیشن پر جھوٹ کا ایک سیلاب تھا، کیا یہ آزادی اظہار رائے ہی ۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی ڈی ایف کی نوٹیفکیشن پر پروپیگنڈا کیا گیا، سی ڈی ایف کے نوٹیفکیشن پر جھوٹ کا ایک سیلاب تھا، کیا یہ آزادی اظہار رائے ہی یہ کونسی سیاست ہے، پلیز گِرو اپ۔

انہوںنے کہاکہ فوج کی ایک ایک خبر کو لے کر پروپیگنڈا کیا گیا، پتہ نہیں کہاں سے ان کے ذہنوں میں خیالات آتے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تین دن پہلے انہوں نے پھر اپنا بیانیہ دہرایا کہ خارجیوں سے بات کریں، 3 دن قبل بیانیہ دیا گیا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن نہ کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ذہنی مریض کی منطق کے مطابق جب بھارت نے حملہ کیا، یہ ہوتا تو کشکول لے کر چل پڑتا کہ آؤ بات کرتے ہیں، یہ تو کہتا تھا کہ خارجیوں کا پشاور میں دفتر کھول دیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ پاگل لوگوں کو ابھارتا ہے کہ ہنگامے کرو، اس بات چیت کا بخار تو ان کو پہلے سے تھا، یہ لوگوں کو آپریشن کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے اکساتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کیا ہورہا ہے، کیوں ہورہا ہے اور کون کرا رہا ہے، جھوٹ اور فریب کا یہ کاروبار نہیں چلے گا، اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ریاست کے تحفظ کی قسم کھائی ہے، اگر کوئی سمجھتا ہے اسکی ذات ملک ریاست سے بڑی ہے تو وہ غلط سمجھتا ہے، ہم حق پر ہیں اور حق پر ہی رہیں گے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم ایلیٹ کلاس سے نہیں آتے، ہم مڈل کلاس یا لوئر مڈل کلاس سے آتے ہیں، کوئی آرمڈ فورسز یا اسکی لیڈرشپ پر حملہ کرتا ہے تو ہم یہ برداشت نہیں کریں گے۔انہوںنے کہاکہ اس فوج کے بارے میں کسی کی تعمیری رائے یا آبزرویشن ہوسکتی ہے، فوج کے خلاف عوام کو بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج میں سب مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس سے آتے ہیں، یہ اپنی سیاست سے ہم میں اور عوام میں فرق نہیں ڈال سکتے ۔