لاہور تعلیمی بورڈ ،26 سال بعد انٹر بورڈ گرلز سپورٹس گالا کا انعقاد ، ملک بھر سے10 ٹیموں کی شرکت

منگل 10 فروری 2026 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2026ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے زیرِ اہتمام ایک تاریخی تقریب’’انٹر بورڈ گرلز سپورٹس گالا‘‘ کا انعقاد کیا گیا،جس کی میزبانی کا اعزاز لاہور بورڈ کو 26 سال بعد حاصل ہوا ہے۔اس رنگا رنگ سپورٹس گالا میں پاکستان بھر کے مختلف تعلیمی بورڈز سے تعلق رکھنے والی10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

ایونٹ کا باقاعدہ آغاز صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے خود کھیل کر کیا۔تقریب میں چیئرمین آئی بی سی سی(IBCC) بشیر ملہ،سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن رانا تجمل حسین، ایڈیشنل سیکرٹری بورڈز نعمان جمیل، سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور ڈائریکٹر آئی بی سی سی لاہور عثمان سمیت دیگر اعلی حکام نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خطیر رقم کے انعامات کا اعلان کیا۔

پہلی پوزیشن کیلئے2 لاکھ روپے نقد،دوسری پوزیشن کیلئے1 لاکھ روپے نقد اور تیسری پوزیشن کیلئے50 ہزار روپے نقد کا اعلان کیا۔خصوصی کلچرل پرفارمنس پیش کرنے والے بچوں میں بھی نقد انعامات تقسیم کئے گئے،بچوں نے وزیراعلی پنجاب سے ملنے کی خواہش کا اظہار کر دیا،جس پر وزیر تعلیم رانہ سکندر حیات نے وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی کہ وہ جلد ان کی ملاقات وزیراعلی پنجاب سے کروائیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ 26 سال کے طویل وقفے بعد لاہور بورڈ اس سطح کے ایونٹ کی نمائندگی کر رہا ہے،جلد انٹر بورڈ بوائز سپورٹس گالا بھی کروانے جا رہے ہیں۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ ہمارا مقصد طالبات کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی ملک کا نام روشن کر سکیں۔