ادارےطلبہ میں جدت پسندی،دوسروں کیلئے احترام اور برداشت سے ترقی کرتے ہیں، پروفیسرڈاکٹر محمد علی

ہفتہ 14 فروری 2026 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2026ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ عملی زندگی میں کامیابی اور اداروں کی ترقی کیلئے طلباطالبات میں جدت پسندی،دوسروں کیلئے احترام اوربرداشت کا ہونا ضروری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام 135ویں جلسہ عطائے اسنادسے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پرپرووائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر خالد محمود، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، کنٹرولر امتحانات محمد رف نواز، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طلباطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ تقریب میں 334 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں،جبکہ ایم ایس /ایم فل پروگرامز کے طلبا طالبات کو 124 گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح انڈرگریجوایٹ پروگرامز کے طلبا طالبات کو 153 گولڈ میڈلز پیش کئے گئے جبکہ کانووکیشن میں مختلف شعبہ جات کے 1040 طلباطالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو علمی اور تحقیقی اعتبار سے ممتاز ہوں۔ انہو ں نے کہا کہ ہمیں ایسے مہارت یافتہ نوجوان پیدا کرنے ہیں جو آگے چل کر معاشرے کی خدمت کرسکیں جس کیلئے اساتذہ، والدین اور طلبہ کو یکساں کردار ادا کرناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جامعہ میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے، ہمارے اساتذہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں نام روشن کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ طلبہ کوچاہیے کہ کامیابی کا تعین دولت اور طاقت کی بجائے علم اور تقوی سے کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے گرایجوئٹس دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب یونیورسٹی کے سفیر کی حیثیت سے فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کی بہترین مادر علمی سے جڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سند یافتہ نوجوانوں کوسائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ اخلاقی، روحانی اور شخصی اعتبار سے بھی بہتر ہوناچاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بطور وائس چانسلر کئی جامعات میں تعلیمی و انتظامی امور کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں ایک سال میں تعلیمی نظام کی بہتری اورمعاشتی استحکام کے لئے کئی قدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو پہلی بار ڈیجٹیلائیز کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رینکنگ میں بہتری کے لئے اپلائیڈ ریسرچ،سائنس، فشریز سمیت دیگر شعبوں میں بھی اہم اصلاحات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی کی زمین کو ناجائز قابضین سے واگزار کرانابھی میرے فرائض میں شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ طلباطالبات کویونیورسٹی مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے آسانیاں فراہم کرنے اور ہاسٹلز میں بہترین رہائشی سہولیات کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں لیبارٹریوں کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں۔انہوں نے ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنے والے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی۔