عوامی نیشنل پارٹی کی خوشحال خان کاکڑ کو سپریم کورٹ کی جانب سے این اے 251 (بلوچستان)سے کامیاب قرار دیے جانے پر دلی مبارکباد پیش

پیر 2 مارچ 2026 22:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مارچ2026ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے خوشحال خان کاکڑ کو سپریم کورٹ کی جانب سے این اے 251 (بلوچستان)سے کامیاب قرار دیے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ صرف خوشحال خان کاکڑ کی کامیابی نہیں بلکہ یہ جمہوری اصولوں، عوامی مینڈیٹ اور آئینی بالادستی کی فتح بھی ہے۔

اس فیصلے سے این اے 251 کے عوام کو پارلیمان میں اپنی حقیقی نمائندگی حاصل ہوئی، جو ایک سال تک اپنی حقیقی نمائندگی سے محروم رہے، جو کہ جمہوری نظام کے لیے بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ مرکزی صدر ایمل ولی خان نے امید ظاہر کی کہ خوشحال خان کاکڑ اپنے والد شہید عثمان خان کاکڑ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پارلیمان میں پختونوں سمیت تمام مظلوم قومیتوں کی توانا آواز ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

عثمان لالا نے ہمیشہ اصولی سیاست، جمہوری اقدار اور محکوم اقوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، توقع ہے کہ خوشحال کاکڑ اسی روایت کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں جاری جنگ، افراتفری اور سیاسی بے یقینی کے ماحول میں اس نوعیت کی خوشخبری عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ ایسے وقت میں جب ملک کے اندر جمہوری اداروں پر سوالات اٹھ رہے ہوں، ایک آئینی اور قانونی فیصلے کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی بحالی امید کی ایک کرن ہے۔ .