ملک بھرمیںمارچ میں غیر معمولی گرمی، ہیٹ ویو خدشہ

بدھ 4 مارچ 2026 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2026ء) محکمہ موسمیات پاکستان نے مارچ کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور ممکنہ ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق مارچ 2026 میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت اوسط سے زیادہ رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں مچھروں کی تعداد میں کمی متوقع ہے۔

تاہم زائد درجہ حرارت کے باعث ربیع کی فصل وقت سے پہلے تیار ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کم بارشوں کے نتیجے میں ربیع کی فصلوں کے لیے نمی کی دستیابی محدود رہے گی۔ خشک موسم اور بلند درجہ حرارت چاول کی کٹائی کے بعد خشک کرنے اور ذخیرہ کرنے کے عمل میں مددگار ثابت ہوگا۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں مارچ کے پہلے ہفتے سے پولن سیزن شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث بچوں اور بزرگوں میں سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادارے کے مطابق خشک موسم کی وجہ سے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں دھند کی شدت میں کمی آنے کا بھی امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔