عیدکے بعد بھرپور عوامی رابطہ مہم اور طاقت کا مظاہر ہ کرینگے،شاہد فراز

جو ملک بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان کیلئے صوبہ بنانا کوئی معنی نہیں رکھتا

منگل 17 مارچ 2026 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2026ء) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان)کے سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر مہاجر اکابرین کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے شہری سندھ میں مہاجر قوم کے ساتھ ہونے والے دوہرے سلوک اور ناانصافیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر قوم کی بقا کیلئے جنوبی سندھ صوبے کا قیام ناگزیر ہوچکاہے،جس کیلئے عیدکے بعد بھر پور عوام رابطہ مہم اور طاقت کا مظاہرہ کرینگے اور ثابت کرینگے کہ جس طر ح لاہور پنجابیوں کا، پشاور پختونوں کا،لاڑکانہ سندھیوں اور کوئٹہ بلوچوں کا ہے ٹھیک اسہی طرح کراچی مہاجر وں کا شہر ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج جو لوگ نئے صوبے کے قیام کو دھرتی ماں کی تقسیم قرار دیکر معصوم سندھی بھائیوں کے اشتعال انگیزی اور نفرت کی جانب دھکیل رہے ہیں وہ سندھ او ر ملک کے مخلص نہیں، انتظامی امور کی بہتری،وسائل و اختیارات کی نجلی سطح تک منتقلی اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے دنیا بھر میں نئے صوبوں کا قیام معمول کی بات ہے اسے ملک کی تقسیم قرار دینا درست نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں، ہمارے اجداد نے یہا ں مقیم دیگر غلام قوموں کو پاکستانی بنایا آج وہ لو گ ہماری حب الوطنی پر سوال اٹھا رہے ہیں جنہیں پاکستان بننے کی خبر ریڈیوں سے ملی، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بزرگوں نے ملک بنایا تھا اور ہم ملک بچائیں گے۔