شوکت جاوید میر کا ہٹیاں بالا کا دورہ، ڈپٹی کمشنر اور سیاسی شخصیات سے عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

ً سیاحت کا فروغ اور لائن آف کنٹرول پر افواج کی خدمات کو خراج تحسین: ترجمان وزیراعظم کی اہم ملاقاتیں

بدھ 25 مارچ 2026 20:25

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2026ء) ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر کا ہٹیاں بالا کا دورہ،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ،ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی فیصل مغل سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقاتیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر نے دورہ ہٹیاں بالا کے دوران پیپلز پارٹی رہنماء اشفاق ظفر،ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی فیصل مغل سے ملاقاتیں کیں،اس موقع پرخورشید اعوان ایڈووکیٹ،اسد ارشد چغتائی ایڈووکیٹ،ارسلان ایڈووکیٹ سمیت پارٹی عہدیداران، کارکنان، بلدیاتی نمائندگان، سرکاری افسران، طلباء، تاجروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی،دورے کے دوران ترجمان وزیراعظم نے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی کے دفتر کا دورہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیصل مغل کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی،ڈپٹی کمشنر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا،ملاقات کے دوران عام انتخابات کے حوالے سے ووٹر لسٹوں میں ووٹرز کے اندراج، سیاحت کے فروغ،سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی، مختلف سرکاری اداروں کو درپیش مسائل، لیپہ ویلی،ریشاں ٹرانسپورٹ سمیت دیگر عوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر لائن آف کنٹرول پر افواج پاکستان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے ڈپٹی کمشنر کو چھم اور لیپہ ویلی کے دورے کی تجویز دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا،ترجمان وزیراعظم نے 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالہ سے وادی لیپہ میں منعقد ہونے والی پروقار تقریبات، قومی پرچم کشائی اور عوام کی بھرپور شرکت کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے منتظمین کے کردار کو سراہا،ڈپٹی کمشنر فیصل مغل نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں حکومت کی ترجیحات پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان سے مشاورت کے ذریعے اعتماد سازی کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کا عندیہ بھی دیا،شوکت جاوید میر نے ڈپٹی کمشنر کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی،ملاقات کے اختتام پر ترجمان وزیراعظم، ڈپٹی کمشنر اور دیگر نے مستقبل میں مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا