رورل سپورٹ پروگرام نے چھتیس اضلاع تک اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے،گورنر بلوچستان

جمعرات 2 اپریل 2026 21:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2026ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ رورل سپورٹ پروگرام نے چھتیس اضلاع تک اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے کرتاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔ یہ توسیع ہمارے صوبے کے بکھرے ہوئے، پسماندہ اور دورافتادہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ان کے غیرمتزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ گورنربلوچستان نے ادارے کی تمام سرگرمیوں اور منصوبوں میں خواتین کی شرکت و شمولیت پر زور دیا۔

بیوٹمز یونیورسٹی میں قابل تجدید توانائی میں سینٹر آف ایکسیلنس کے آغاز کے ساتھ، وہ دیرپا انرجی کے حل کیلئے ایک بڑی تبدیلی لانے کیلئے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں لائیو سٹاک کے شعبے کو یونین کونسل کی سطح تک پھیلانا مقامی معیشت میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ہم بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی پوری ٹیم کو گزشتہ کئی دہائیوں میں کیے گئے تمام وژنری منصوبوں اور اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بریفنگ کے دوران رکن صوبائی اسمبلی حاجی برکت رند، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید، سینئر منیجر نعمت اللہ میریانی اور منیجر ابراہیم علوی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبے میں جنگلی حیات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو یقینی بنا کر ہم نے پہلی مرتبہ بین الاقوامی اداروں کی توجہ کو مبذول کرانے کی قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔