اسلامی بینکاری و مالیات وقت کی اہم ضرورت، کاروباری برادری کو سود سے پاک نظام اپنانا ہوگا‘ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

منگل 12 مئی 2026 19:46

اسلامی بینکاری و مالیات وقت کی اہم ضرورت، کاروباری برادری کو سود سے ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام اسلامی بینکاری و مالیات کے موضوع پر ایک اہم آگاہی سیشن منعقد ہوا جس میں تاجر برادری، صنعتکاروں اور کاروباری حلقوں کو اسلامی مالیاتی نظام، سود سے پاک بینکاری اور شریعت کے مطابق کاروباری اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے جبکہ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، سابق صدر میاں انجم نثار، سابق نائب صدر ظاہر منظور چوہدری، خرم نواز گنڈاپور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شعبان اختر، رانا نثار، آمنہ رندھاوا، بینکاری شعبے سے وابستہ شخصیات، ماہرینِ معیشت، کاروباری رہنما اور مختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری برادری کو جدید معاشی رجحانات اور اسلامی مالیاتی نظام سے آگاہ کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری نہ صرف مذہبی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے بلکہ یہ ایک مستحکم اور اخلاقی معاشی نظام کی بنیاد بھی فراہم کرتی ہے۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلامی معاشی نظام محض ایک متبادل نہیں بلکہ ایک جامع، منصفانہ اور پائیدار مالیاتی ماڈل ہے جو معاشرے میں معاشی استحکام، شفافیت اور سماجی انصاف کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی معاشی چیلنجز کے تناظر میں اسلامی بینکاری اور سود سے پاک مالیاتی نظام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام تجارت، دیانتداری اور معاشی توازن کا درس دیتا ہے جبکہ سودی نظام معاشی ناہمواریوں اور استحصالی رویوں کو جنم دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کو چاہیے کہ وہ اسلامی مالیاتی اصولوں کو اپناتے ہوئے ایسے ذرائع اختیار کرے جو شریعت سے ہم آہنگ ہوں اور ملکی معیشت کے استحکام میں مثبت کردار ادا کریں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اسلامی بینکاری کے مختلف ماڈلز، مضاربہ، مشارکہ اور دیگر شریعت کمپلائنٹ مالیاتی ذرائع پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلامی مالیاتی ادارے کاروباری طبقے کی ضروریات پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آگاہی اور تربیت کے ذریعے کاروباری افراد کو اسلامی مالیاتی نظام کی افادیت سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جہاں شرکائ نے اسلامی بینکاری اور مالیاتی معاملات سے متعلق مختلف سوالات کیے جن کے تفصیلی جوابات دیے گئے۔