Live Updates

امریکا میں گرفتار دو ایرانی خواتین کا قاسم سلیمانی سے کوئی تعلق نہیں ، ایران

پیر 6 اپریل 2026 09:19

تہرا ن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2026ء) ایران نے کہا ہے کہ امریکا میں گرفتار دو ایرانی خواتین کا قاسم سلیمانی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی دو رشتہ دار خواتین کی گرفتاری کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ان دونوں ایرانی خواتین کا قاسم سلیمانی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ گرفتار کی گئی دونوں خواتین کا پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔ قاسم سلیمانی جنوری 2020 میں بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے میں مارے گئے تھے۔ دوسری جانب قاسم سلیمانی کی بیٹیوں نرگس اور زینب نے بھی تصدیق کی ہے کہ فوجی کمانڈر کے خاندان اور رشتہ داروں نے کبھی امریکہ میں رہائش اختیار نہیں کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی وفاقی افسران نے سلیمانی کی دو رشتہ دار خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان کی مستقل قانونی رہائش (گرین کارڈ) کا درجہ منسوخ کر دیا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حمیدہ سلیمانی افشار (سلیمانی کی بہن) اور ان کی بیٹی سارینا صدرات حسینی امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ ایجنسی کی تحویل میں ہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات