چینی قونصل جنرل مسٹرسن یان کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ

پیر 13 اپریل 2026 18:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2026ء) چین کے قونصل جنرل لاہور، مسٹر سن یان نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی سے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق شیخ، ڈائریکٹرپنجاب یونیورسٹی کنفیوشس انسٹیٹیوٹ ڈاکٹرثوبیہ خرم، خزانہ دار تسنیم کامران و دیگر نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے چین اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کی مزیدترقی اور توسیع پر توجہ دی گئی، جس میں چینی زبان، ثقافت اور تعلیمی تبادلہ پروگراموں کے فروغ پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر شرکاء نے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منایا اور تعلیم، تحقیق اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔معزز مہمانوں نے مستقبل میں تعاون کے وسیع امکانات پر امید کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ منصوبوں اور تعلیمی شراکت داری کے ذریعے طلبہ اور اساتذہ کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے۔