ڈی سی لیہ کی چار ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 14 اپریل 2026 11:50

ڈی سی لیہ کی چار ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری
لیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اپریل2026ء) ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی زیر قیادت ضلع لیہ میں گزشتہ چار ماہ کے دوران ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ چار ماہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق لیہ، کروڑ، فتح پور اور چوک اعظم سمیت ضلع بھر میں متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں 10 پارکس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، جس سے شہری حسن میں اضافہ اور عوام کو بہتر تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔ اسی طرح 15 کلومیٹر گرین بیلٹ کے قیام کا منصوبہ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے، جو ماحول دوست اقدامات کے ساتھ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا۔کھیلوں کے فروغ کے لیے جنوبی پنجاب کے پہلے ملٹی سپورٹس ارینا، فٹ بال ارینا، ٹینس کورٹ، کرکٹ ارینا کروڑ، سکیٹنگ ٹریک اور ٹریفک لرننگ پارک جیسے اہم منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان منصوبوں سے نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سپورٹس کمپلیکس اور ڈی پی ایس کوٹ سلطان کی سولرائزیشن مکمل کی جا رہی ہے، جس سے توانائی کے پائیدار استعمال کو فروغ ملے گا۔شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مین بازار فتح پور میں ٹف ٹائلز کی تنصیب، لیہ مائنر کی خوبصورتی، سڑکوں کی مرمت اور بحالی کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

فتح پور میں 3 عوامی پارکس کی تعمیر کا منصوبہ بھی رپورٹ کا حصہ ہے، جن میں سے ایک پارک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دو پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ منظور پارک میں جدید کیفے ٹیریا اور فوڈ کورٹ کی پلاننگ بھی مکمل ہو چکی ہے اور جلد کام شروع ہونے کی توقع ہے۔صحت کے شعبے میں چوک اعظم میں ٹراما سنٹر کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے، جو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تعلیم اور مطالعہ کے فروغ کے لیے میونسپل لائبریری کروڑ، بہادر ڈیجیٹل لائبریری کی تزئین و آرائش اور چلڈرن لائبریری چوک اعظم کے منصوبے بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔عوامی آمدورفت کی سہولت کے لیے جنرل بس اسٹینڈ لیہ کی دوبارہ تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ کروڑ اور فتح پور کے بس اسٹینڈز پر بھی کام شروع کیا جا چکا ہے۔مزید برآں سول کلب لیہ کی دوبارہ تزئین و آرائش کی پلاننگ مکمل ہو چکی ہے اور جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ تمام منصوبے ضلع لیہ کو جدید، خوبصورت اور ترقی یافتہ بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہیں، جن سے شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔