دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بارہ دری گراؤنڈ دربار میاں میر میں شبِ برات اجتماع

مبلغ دعوت اسلامی مولانا محمد فیضان عطاری مدنی نے شب بیداری، روزہ اور ایصالِ ثواب کی تلقین کی ایف جی آر ایف کے تحت شب برات اجتماع میں بلڈ کیمپ بھی لگا،عاشقان رسول نے خون کے عطیات پیش کیے

Shahid Nazir Ch شاہد نذیر چودھری بدھ 4 فروری 2026 15:22

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام بارہ دری گراؤنڈ دربار میاں میر میں شبِ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری2026ء) دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام دربار میاں میاں میر بارہ دری گراؤنڈ میں ”شبِ برات اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا، جس میں لاہور اور گردونواح سے عاشقانِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور شبِ برات کی فضیلت پر مبنی ایمان افروز کلام پیش کیے گئے۔

تلاوت و نعت کے بعد مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا محمد فیضان عطاری مدنی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں شبِ برات کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ ربِّ کریم کا اپنے بندوں پر یہ فضل و احسان ہے کہ جو بھی دن یا رات اللہ پاک کے ذکر اور عبادت میں گزاری جائے وہ بارگاہِ الٰہی میں قبولیت پاتی ہے، تاہم بعض راتیں ایسی ہوتی ہیں جن میں خصوصی طور پر نیک اعمال کی ترغیب دی گئی ہے اور ان پر خاص رحمتیں اور بخششیں نازل ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہی بابرکت راتوں میں سے ایک رات شعبانُ المعظم کی پندرہویں شب ہے جسے شبِ برات کہا جاتا ہے۔مولانا محمد فیضان عطاری مدنی نے کہا کہ رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس رات عبادت میں گزارنے اور اس کے دن میں روزہ رکھنے کی ترغیب ارشاد فرمائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس رات اللہ پاک کی خاص رحمتیں، بخششیں اور عنایتیں نازل ہوتی ہیں۔

شبِ برات میں شب بیداری کرکے عبادت کرنا مستحب ہے، اس لیے اس رات فضولیات اور گناہوں سے بچتے ہوئے فرائض، واجبات، سنن کے ساتھ ساتھ نوافل، تلاوتِ قرآنِ پاک، ذکر و درود، صدقہ و خیرات اور مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب کا اہتمام کرنا چاہیے۔مولانا محمد فیضان عطاری مدنی نے مزید کہا کہ جب ہمارے قریبی رشتہ دار اور دوست احباب اس دنیا سے رخصت ہوکر عالمِ برزخ میں منتقل ہو جاتے ہیں تو ہم رفتہ رفتہ انہیں بھولنے لگتے ہیں، مگر وہ ہمیں نہیں بھولتے اور ہماری دعاؤں اور ایصالِ ثواب کے منتظر رہتے ہیں۔

ہمیں چاہیے کہ جس طرح ہم ان کی زندگی میں ان کا خیال رکھتے تھے، اسی طرح وفات کے بعد بھی اپنی دعاؤں، صدقات اور نیکیوں کے ذریعے انہیں ثواب پہنچاتے رہیں۔شب برات اجتماع کے موقع پر دعوت اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے اسٹالز بھی لگے جبکہ ایف جی ا ٓر ایف کے تحت بلڈ کیمپ بھی لگایا گیا جہاں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے دکھیاری امت کی خیر خواہی کے لیے خون کے عطیات پیش کیے۔اجتماع میں شریک عاشقانِ رسول نے شبِ برات کی بابرکت رات کو دینی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا۔ اجتماع کے اختتام پر ذکر و دعا کا سلسلہ ہوا جبکہ امتِ مسلمہ، ملکِ پاکستان کی سلامتی، امن و استحکام اور خیر و برکت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔