معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمی بٹ کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں رمضان نگہبان پروگرام "مریم کے مہمان" کے تحت قائم کردہ دسترخوان پر شہریوں کے ہمراہ روزہ افطاری

Majid Randhawa محمد ماجد رندھاوا منگل 3 مارچ 2026 13:43

معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ..
لیہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مارچ 2026ء ) معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمی بٹ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں رمضان نگہبان پروگرام "مریم کے مہمان" کے تحت قائم کردہ دسترخوان پر شہریوں کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

معاون خصوصی سلمی بٹ نے افطاری دسترخوان کا تفصیلی معائنہ کیا اور فراہم کئے جانے والے اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا۔انہوں نے اس موقع پر خواتین اور مردوں کے دستر خوان میں خود کھانے کا سامان رکھا اور انہیں خوش آمدید کہا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی خدمت کے جذبے کے تحت رمضان المبارک میں خصوصی اقدامات کر رہی ہیں اور انہی کی ہدایات پر صوبہ بھر میں مخیر حضرات کے تعاون سے معیاری دسترخوان قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افطاری میں فراہم کئے جانے والے تمام کھانے پینے کے سامان کا معیار ہر صورت بہتر اور اعلی رکھا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین اور صحت بخش افطاری میسر آ سکے۔معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے  فوڈ سٹریٹ لیہ کا بھی دورہ کیا گیا۔ انہوں نے فوڈ سٹریٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی، معیارِ خوراک اور بہتر انتظامات کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے فوڈ سٹریٹ کے دکانداروں کو  حفظانِ صحت کے اصولوں ہر عمل کرنے کی ہدایت کی۔معاون خصوصی نے ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرتے ہوئے اسکیٹنگ ٹریک، چلڈرن ٹریفک پارک، سولرائزیشن سسٹم اور اوپن ایئر جم سمیت دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔۔