ایچ ای سی کا انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ انیشی ایٹو پروگرام کے تحت درخواستوں کی وصولی کا اعلان

منگل 14 اپریل 2026 20:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2026ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان (ایچ ای سی) نے انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ انیشی ایٹو پروگرام کے بیچ 59 کے تحت درخواستوں کی وصولی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے پی ایچ ڈی سکالرز کو چھ ماہ کی بین الاقوامی ریسرچ فیلوشپ فراہم کی جائے گی۔ ترجمان ایچ ای سی کے مطابق یہ پروگرام ملک کے ہونہار محققین کو عالمی معیار کی جامعات میں تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔

پروگرام میں وہ طلبہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے جو کسی ایچ ای سی سے تسلیم شدہ جامعہ میں فل ٹائم پی ایچ ڈی میں داخل ہوں اور ان کا داخلہ فال 2022 سے پہلے اور فال 2024 کے بعد نہ ہو۔ درخواست دہندگان کے لیے منظور شدہ ریسرچ ٹاپک اور سینوپسز یا مساوی فورم سے منظور شدہ لازمی ہوگا جبکہ کسی اعلیٰ درجہ کی غیر ملکی یونیورسٹی سے ایکسیپٹنس لیٹر حاصل کرنا بھی ضروری شرط ہے۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی سکالرشپ ہولڈرز کے لیے این او سی جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایچ ای سی درخواستیں صرف آن لائن پورٹل scholarship.hec.gov.pk کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں جبکہ درخواست جمع کروانے کے لیے تین ہزار روپے کی نان ریفنڈایبل پراسیسنگ فیس بھی مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروگرام کی مکمل اہلیت اور دیگر تفصیلات کے لیے ایچ ای سی کی سرکاری ویب سائٹ hec.gov.pk/IRSIP کا وزٹ کریں۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 11 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے، اور اہل امیدواروں کو مقررہ وقت کے اندر اپنی درخواستیں جمع کروانے کی تاکید کی گئی ہے۔