قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں بین الاقوامی چائنیز لینگوئج ڈے کے حوالے سے پُروقار تقریب

پیر 20 اپریل 2026 21:01

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2026ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں بین الاقوامی چائنیز لینگوئج ڈے کے موقع پر رنگارنگ اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں چینی زبان و ثقافت کی ترویج اور پاک چین دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کا اہتمام چائنہ سٹڈی سنٹر، کنفیوشس انسٹیٹیوٹ اور انٹرنیشنل آفس نے مشترکہ طور پر کیا۔

اس موقع پر چائنہ سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فقیر محمد، انٹرنیشنل آفس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد حیدر، سنٹرل چائنہ یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر وانگ فی ماؤ، ڈاکٹر فنگ یو اور دیگر ذمہ داران کے علاوہ طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں مختلف اسٹالز لگائے گئے جن میں چینی زبان، ثقافت، خطاطی اور روایات کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلیٰ ذمہ داران نے ان اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ کی محنت اور لگن کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد چینی زبان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا، اس کی نشر و اشاعت کو فروغ دینا اور پاکستان و چین کے درمیان بین الثقافتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں چینی زبان سیکھنا پاکستانی نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔یہ تقریب نہ صرف پاک چین دوستی کا عکاس ہے بلکہ کے آئی یو کے طلبہ میں چینی زبان سیکھنے کے جذبے کو مزید تقویت دینے کا ذریعہ بھی ہے۔