ایچ ای سی کی طرف سے 2016ء سے سٹیپینڈیم ہنگریکم پروگرام کے تحت 1,427 وظائف کی فراہمی

بدھ 22 اپریل 2026 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2026ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے 2016ء سے اب تک سٹیپینڈیم ہنگریکم پروگرام کے تحت 1,427 وظائف دیئے ہیں جن کے ذریعے طلباء نے بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی مواقع سے فائدہ اٹھایا۔ تعلیمی سال 2026ء کے لیے وظائف کے اجراء کا عمل جاری ہے جو کہ جون 2026ء تک مکمل ہونے کی امید ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 26,000 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

سٹیپینڈیم ہنگریکم سکالرشپ پروگرام بیچلرز، ماسٹرز، ون ٹیئر ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سٹڈیز کے لیے مکمل طور پر مالی وسائل کی فراہمی پر مبنی اقدام ہے جس میں انجینئرنگ، آئی ٹی، زراعت، طب، کاروبار اور سماجی علوم شامل ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو مضبوط کرنا ہے اور ایسے مواقع فراہم کرنا ہے جو ادارہ جاتی اور تعلیمی تعاون کو گہرا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت وظائف جیتنے والے طلباء کو ٹیوشن فری سٹڈیز، ماہانہ وظیفہ، رہائش کے لئے امداد اور طبی انشورنس کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ یہ پروگرام ثقافتی تبادلے اور عالمی تعلیمی تجربہ کو فروغ دیتا ہے۔ سٹیپینڈیم ہنگریکم سکالرشپ پروگرام کا آغاز دسمبر 2015ء میں کیا گیا تھا اور تین سالوں کے دوران 80 سالانہ وظائف کی سہولت فراہم کی۔

64 طلباء کی پہلی کھیپ نے ستمبر 2016ء میں ہنگری کے لیے اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کیا جوکہ ایک کامیاب آغاز تھا۔ 2017; میں ایک نظرثانی شدہ مفاہمت کی یادداشت کے ذریعے سالانہ سکالرشپ کی تعداد کو 200 تک بڑھا دیاگیا۔بعدازاں 2020ء میں شراکت داری کی تجدید کے ذریعے اسے دسمبر 2022ء تک بڑھایا گیا۔ اس کے بعد معاہدہ پر نظرثانی کی گئی اور پروگرام کومزید توسیع دی گئی ۔ نئے معاہدے کے تحت اگلے تین سال کے لیے 400 سکالرشپس سالانہ کی پیشکش کی گئی۔ حال ہی میں معاہدے کی مزید تجدید کی گئی ہےاور 2026ء سے 2028ء کی مدت کے لیے سالانہ 400 وظائف کی فراہمی کو جاری رکھتے ہوئے ہنگری میں اعلیٰ تعلیم کے مستقل مواقع کو یقینی بنانے کا عزم کیا گیا ہے۔