مونٹریال میں منعقدہ سیال کینیڈا 2026فوڈ نمائش میں پاکستان کی بھرپور شرکت ،اعلیٰ معیار کی غذائی مصنوعات پیش

جمعرات 30 اپریل 2026 16:57

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) مونٹریال میں منعقدہ سیال کینیڈا 2026فوڈ نمائش میں پاکستان نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی غذائی مصنوعات پیش کیں جہاں پاکستان پویلین میں چھ نمایاں نمائش کنندگان نے اپنی مصنوعات متعارف کروائیں، اور اس تین روزہ ایونٹ کا مقصد کینیڈا کو برآمدات بڑھانے اور بین الاقوامی خریداروں سے روابط مضبوط بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مو نٹریال میںسیال( SIAL)کینیڈا 2026فوڈ پراڈکٹس متعارف کروا نے کی نمائش منعقد ہوئی جس میں پاکستان پویلین میں چھ نمایاں نمائش کنندگان نے پاکستان کی متنوع اور اعلیٰ معیار کی کھانے کی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کیں۔ سیال کینیڈا میں شمالی امریکہ کے خطے میں کھانے اور مشروبات کی سب سے بڑی نمائش ہے، اس نمائش میں پاکستان پویلین کا افتتاح ہائی کمشنر محمد سلیم نے کیا۔

(جاری ہے)

ہائی کمشنر، قونصل جنرل فیصل ابڑو اور تجارت و سرمایہ کاری کے قونصلر التمش جنجوعہ نے کینیڈین وفاقی اور کیوبیک حکومت کے معززین کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے نمائندوں کے پاکستان پویلین کے مختلف اسٹالز کے دورے کی میزبانی کی۔غذائی مصنوعات کی یہ تین روزہ نمائش 29اپریل تا 01مئی 2026تک منعقد ہورہی ہے جس میں پاکستان کی بھرپور شرکت کا مقصد کینیڈا کو غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے میں ملک کی گہری دلچسپی کو اجاگر کرناہے اور برآمد کنندگان کو بین الاقوامی خریداروں اور ایگری فوڈ ا نڈسٹری کے شراکت داروں سے رابطہ قائم کرنے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرناہے۔