یونین کونسل بھیڑی ڈوبہ میں سیاسی تبدیلی، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان مسلم لیگ (ن)میں شامل

جمعرات 30 اپریل 2026 22:32

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) یونین کونسل بھیڑی ڈوبہ میں سیاسی منظرنامے میں ایک اہم تبدیلی سامنے آئی ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درجنوں کارکنان نے پاکستان مسلم لیگ (ن)میں شمولیت اختیار کر لی۔اس موقع پر منعقدہ تقریب کی قیادت راشد مغل نے کی، جنہوں نے کارکنان کو پارٹی میں شمولیت کی ترغیب دی اور مسلم لیگ (ن) کے مشن و ویژن پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں سابق وزیر محترمہ نورین عارف، راجہ فراز عارف، کونسلر سید فیاض حسین شاہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی اور کارکنان کا پرتپاک استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نئے شامل ہونے والے کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی خدمت کے لیے مسلم لیگ (ن)کے پلیٹ فارم سے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محترمہ نورین عارف نے کہا کہ آنے والا دور مسلم لیگ (ن)کا ہوگا اور پارٹی قیادت عوام کے ہر شعبے میں ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں خاندان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں جس سے پارٹی کی مقبولیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ راجہ فراز عارف اور کونسلر سید فیاض حسین شاہ نے بھی کارکنان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام علاقے میں سیاسی استحکام اور ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔تقریب میں مقامی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو مسلم لیگ (ن)کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا واضح اظہار ہے۔ اس سیاسی پیش رفت کے بعد یونین کونسل بھیڑی ڈوبہ میں مسلم لیگ (ن)کی پوزیشن مزید مضبوط ہونے اور پارٹی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔