پاکستان کی حمایت سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا جنوبی سوڈان مشن میں ایک سال کی توسیع کا اعلان

جمعہ 1 مئی 2026 09:51

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2026ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان میں تعینات امن مشن کی مدت میں ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے اسے 30 اپریل 2027 تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 15 میں سے 13 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جن میں پاکستان بھی شامل تھا جبکہ چین اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ جنوبی سوڈان 2011 میں آزادی کے بعد سے مسلسل سیاسی عدم استحکام اور انسانی بحران کا شکار ہے، جس کے پیش نظر عالمی برادری نے امن مشن کے تسلسل کو ضروری قرار دیا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان نے امن مشن کی حمایت کرتے ہوئے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تاہم مجوزہ تبدیلیوں پر تحفظات بھی ظاہر کیے۔ ان کے مطابق زمینی صورتحال کے پیش نظر فوجیوں کی تعداد میں کمی مناسب نہیں اور اس سے شہریوں کے تحفظ اور امن مشن کی مؤثریت متاثر ہو سکتی ہے۔ قرارداد کے مطابق مشن کا بنیادی مقصد شہریوں کا تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی، امن معاہدے پر عملدرآمد میں معاونت اور انسانی حقوق کی نگرانی ہے، جبکہ سلامتی کونسل نے زور دیا ہے کہ ان ترجیحات کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔