ایکواڈور کا کولمبیا کی درآمدات پر 100 فیصد ٹیرف، تجارتی کشیدگی میں اضافہ

ہفتہ 2 مئی 2026 09:19

کوئٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2026ء) ایکواڈور نےکولمبیا سے آنے والی تمام درآمدات پر 100 فیصد ٹیرف نافذ کر دیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔شنہوا کے مطابق حکام نے بتایا کہ یہ اقدام کولمبیا سے آنے والی تمام اشیاء یا وہاں سے بھیجی جانے والی مصنوعات پر لاگو ہوگا، جس کا تعین ان کی کسٹمز ویلیو کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سرحدی سکیورٹی اور کسٹمز کنٹرول کو مضبوط بنانا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم تیل و توانائی جیسے اسٹریٹجک شعبوں کے علاوہ عارضی درآمد، کسٹمز ٹرانزٹ اور ری ایکسپورٹ جیسے خصوصی نظام اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ نجی سیاحتی گاڑیوں کو بھی اس سے باہر رکھا گیا ہے۔یہ ٹیرف، جسے "سکیورٹی سرچارج" قرار دیا گیا ہے، حالیہ مہینوں میں بتدریج بڑھایا گیا، فروری میں 30 فیصد سے بڑھ کر مارچ میں 50 فیصد اور اب 100 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔کاروباری حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے، تجارتی بہاؤ میں رکاوٹ آ سکتی ہے اور روزگار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :