Live Updates

امریکا کے تین بحری جہاز آبنائے ہرمز پار کرگئے، ڈونلڈ ٹرمپ

ان بحری جہازوں پرایران کی جانب سے حملہ بھی کیا گیا مگر انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچا،امریکی صدر

جمعہ 8 مئی 2026 11:44

امریکا کے تین بحری جہاز آبنائے ہرمز پار کرگئے، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کے تین ڈسٹرائر بحری جہاز کامیابی سے آبنائے ہرمز پار کر گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان بحری جہازوں پر حملہ بھی کیا گیا مگر انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم حملہ کرنے والے ایرانیوں کو بہت نقصان پہنچا اور ایران کی حملہ آور چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا گیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی کشتیاں سمندر میں ڈبو دی گئی ہیں، امریکی ڈسٹرائرز پر میزائل داغے گئے جنھیں بڑی آسانی سے گرا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی بحری جہازوں پر ڈرون بھی بھیجے گئے جنھیں فضا میں ہی گرا لیا گیا اور وہ تتلیوں کی طرح سمندر میں جا گرے، اگر کوئی نارمل ملک ہوتا تو امریکا کے ڈسٹرائر بحری جہازوں کو گزرنے دیتا لیکن ایران ایک نارمل ملک نہیں۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی قیادت جنونیوں کے ہاتھ میں ہے جنھیں اگر جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا موقع ملتا تو بلاشبہ وہ اسے استعمال کر ڈالتے، لیکن اب انھیں ایٹمی ہتھیار بنانے کا موقع نہیں ملے گا۔ امریکی صدر نے کہا کہ جیسے ہم نے ایران کو آج ناک آوٹ کیا ہے اور مستقبل میں اگر ایران نے امریکا کے ساتھ ڈیل پر دستخط نہ کیے تو ہم انھیں اس سے زیادہ سختی سے ناک آوٹ کریں گے۔ اس لیے ایران جلدی کرے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے تین ڈسٹرائیر بحری جہاز اب امریکا کی ناکہ بندی میں پھر سے حصہ لیں گے، امریکی ناکابندی اسٹیل کی دیوار ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات