والد کے ڈر کی وجہ سے 2فلمیں بغیر سکرپٹ پڑھے سائن کیں، عامر خان کاانکشاف

میری دوسری فلموں میں اگر آپ کو کچھ پسند نہیں آیا تو اس کا ذمہ دار میں ہوں، بالی ووڈسپرسٹارکاانٹرویو

ہفتہ 2 مئی 2026 10:45

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) بالی ووڈ سپر سٹار عامر خان نے انکشاف کیاہے کہ والد کے ڈر کی وجہ سے میں نے زندگی میں 2فلمیں بغیر سکرپٹ پڑھے سائن کیں۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں بالی وڈ سٹار عامر خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں صرف 2فلمیں ایسی کیں جن کے سکرپٹ سنے بغیر ہی ہاں کر دی تھی، اول نمبر اور تم میرے ہو، یہ وہ دو فلمیں تھیں جو میں نے بغیر کہانی سنے سائن کیں اور ان دونوں فیصلوں میں میرے والد طاہر حسین کا بڑا کردار تھا۔

فلموں کے انتخاب کے حوالے سے عامر نے کہا کہ وہ حکمت عملی کے بجائے ہمیشہ دل سے فیصلہ کرتے ہیں، جب میں کسی فلم کا انتخاب کرتا ہوں تو میرا دل اس میں ہونا چاہیے، چاہے میں بطور اداکار کام کروں یا پروڈیوسر، جب میں کوئی کہانی سنتا ہوں تو ایک عام فلم بین کی طرح سوچتا ہوں، اگر وہ مجھے متاثر کرے، کچھ نیا کہے اور مجھے پرجوش کرے، تب ہی میں فیصلہ کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

عامر خان نے بتایا کہ فلم اول نمبر کیلئے میرے والد نے پہلے ہی میری طرف سے ہاں کر دی تھی اور فون کر کے کہا کہ دیو آنند تم سے ملنا چاہتے ہیں اور میں نے تمہاری طرف سے ہاں کر دی ہے، میں نے کہا کہ پہلے میں سکرپٹ سنوں گا، مگر انہوں نے کہا کہ تم کچھ نہیں پوچھو گے، بس جا کر ہاں کر دو۔اداکار نے کہا کہ دوسری فلم تم میرے ہو تھی، جو والد نے خود بنائی تھی، میں نے والد سے کہانی پوچھنے کی کوشش کی تو وہ کہنے لگے ہم 30سال سے فلمیں بنا رہے ہیں اور تم کہانی پوچھ رہے ہو پھر مجھے 3 گھنٹے کا لیکچر ملا، اس کے بعد میں نے کہا ٹھیک ہے، آپ فلم بنا لیں، مجھے کہانی سننے کی ضرورت نہیں۔

عامر خان نے کہا کہ میری دوسری فلموں میں اگر آپ کو کچھ پسند نہیں آیا تو اس کا ذمہ دار میں ہوں، لیکن ان دو فلموں کیلئے میں نے سکرپٹ ہی نہیں سنا تھا۔