تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہے، عبدالسلام خان اچکزئی

تعلیمی اداروں کے بنیادی مسائل کے حل اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سپیشل سیکرٹری تعلیم بلوچستان

ہفتہ 2 مئی 2026 20:00

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) ا سپیشل سیکرٹری تعلیم بلوچستان عبدالسلام خان اچکزئی نے کہا ہے کہ تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہے، تعلیمی اداروں کے بنیادی مسائل کے حل اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اولسی کمیٹی مچان ٹاؤن پشین سٹی کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اصغر خان ایڈوکیٹ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی، سپیشل سیکرٹری تعلیم کو پشین شہر خصوصاً مچان ٹاؤن کے تعلیمی اداروں بوائز ہائی سکول مچان اور گرلز ہائی سکول مچان میں درپیش تعلیمی، تدریسی اور انتظامی مسائلِ سمیت دیگر تعلیمی اداروں کی صورتحال اور علاقے کے پرائمری سکولوں سمیت تعلیمی اداروں میں تاحال درسی کتب کی عدم فراہمی کے مسئلے سے آگاہ کیا گیا، جس سے طلبہ کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

سپیشل سیکرٹری تعلیم عبدالسلام خان اچکزئی نے اولسی کمیٹی مچان ٹاؤن کی تعلیم کے فروغ کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دھانی کرائی کہ ضلع پشین کے تمام علاقوں سمیت مچان ٹاؤن جو پشین کے ضلعی ہیڈکوارٹر کے وسط میں واقع ہے، کی تعلیمی صورتحال کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ درسی کتب کی فراہمی، تعلیمی معیار کی بہتری اور انتظامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایک معیاری تعلیمی ماحول کی موجودگی میں ہی ہم معاشرتی زوال سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کے انحطاط اور اس سلسلے میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا معیار اور دستیاب سہولیات علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بنیاد فراہم کرتی ہیں۔