چنار والی بال کونسل کے زیر اہتمام "معرکہ حق والی بال لیگ کا آغاز

اتوار 3 مئی 2026 13:46

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2026ء) چنار والی بال کونسل کے زیر اہتمام "معرکۂ حق والی بال لیگ 2026" کا آغاز ہو گیا۔ ٹھوٹھہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی وزیر پی اینڈ ڈی و پی ڈی او چوہدری محمد رشید تھے، جبکہ بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات اور شائقین نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب میں کشمیری گلوکاروں الطاف میر، نادر علی اور عاشق بٹ نے اپنے فن کے جوہر دکھاتے ہوئے ایونٹ کو چار چاند لگا دیے، جبکہ بچوں کی پرفارمنس نے حاضرین کے دل جیت لیے۔

ٹورنامنٹ میں مہاجرینِ جموں و کشمیر کی 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ والی بال لیگ کے سنسنی خیز میچز سیٹلائٹ ٹاؤن ٹھوٹھہ میں یکم مئی سے 10 مئی تک جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے فیتہ کاٹ کر معرکۂ حق والی بال لیگ کا افتتاح کیا اور چنار والی بال لیگ کونسل کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد رشید نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کا انعقاد حکومت آزاد کشمیر کی ترجیحات میں شامل ہے۔

پورے آزاد کشمیر میں یونین کونسل کی سطح تک گراؤنڈ مہیا کیے جائیں گے تاکہ نوجوان اپنا وقت منفی سرگرمیوں کے بجائے کھیل کے میدانوں میں گزاریں۔انہوں نے کہا کہ والی بال لیگ جیسی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں مقابلے کا رجحان پیدا ہوگا اور معاشرہ ترقی کرے گا ۔انہوں نے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے معرکۂ حق والی بال لیگ کے منتظمین کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔