پشاور زلمی کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی، پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

پیر 4 مئی 2026 00:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2026ء) پشاور زلمی نے اتوار کی رات قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر پی ایس ایل 11 کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔130 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں زلمی کی شروعات لڑکھڑاہٹ کا شکار رہی، تاہم آرون ہارڈی اور عبد الصمد کی میچ وننگ شراکت داری نے ٹیم کو مشکلات سے نکال کر 15.2 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔

اس سے قبل، کنگز مین کی اننگز سائم ایوب کی 54 رنز (50 گیندیں) کی مزاحمتی نصف سنچری کے باوجود زیادہ آگے نہ بڑھ سکی۔ مڈل آرڈر کی اچانک تباہی کے بعد پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اگرچہ کپتان مارنس لیبوشین اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز اچھا کیا، لیکن آرون ہارڈی کی تباہ کن بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، انہوں نے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

کنگز مین کی ٹیم 51 رنز پر ایک وکٹ کے نقصان سے 73 رنز پر 6 وکٹیں گنوا بیٹھی، جس میں گلین میکسویل اور کوشل پریرا جیسی اہم وکٹیں شامل تھیں۔ نہید رانا اور سفیان مقیم کی نپی تلی بولنگ کے آگے لوئر آرڈر کے بیٹرز بھی کوئی بڑی مزاحمت نہ کر سکے۔ہدف کے تعاقب میں زلمی کی شروعات انتہائی خراب رہی، کپتان بابر اعظم پہلی ہی گیند پر آئوٹ ہو گئے جبکہ محمد حارث بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔

7 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد آرون ہارڈی نے ذمہ داری سنبھالی اور 39 گیندوں پر 56 رنز (نائوٹ آٹ) کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کا ساتھ عبد الصمد نے دیا جنہوں نے 34 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور 4 چھکے لگا کر میچ کا نتیجہ یکسر زلمی کے حق میں کر دیا۔پانچویں وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت داری نے جیت کو یقینی بنا دیا۔ محمد علی کی تین وکٹوں کے باوجود کنگز مین اپنے کم اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ پشاور زلمی نے 28 گیندیں باقی رہتے ہوئے یہ اہم کامیابی حاصل کی اور 2017 کے بعد 9 سالہ طویل انتظار کا خاتمہ کرتے ہوئے دوسری بار پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی۔