اٹلانٹک میں کروز شپ پر مہلک وائرس کے باعث 3 افراد ہلاک، عالمی ادارہ صحت کی تصدیق

پیر 4 مئی 2026 08:36

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2026ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تصدیق کی ہے کہ اٹلانٹک سمندر میں سفر کرنے والے ایک کروز جہاز پر تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں سے کم از کم ایک کی موت ہنٹا وائرس کے باعث ہوئی۔شنہوا کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس وقت ایک ہنٹا وائرس کیس کی لیبارٹری سے تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مزید پانچ مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

متاثرہ چھ افراد میں سے تین جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ایک مریض جنوبی افریقہ میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہے۔ادارے کے مطابق واقعے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں جن میں لیبارٹری ٹیسٹنگ اور وبائی امراض سے متعلق تجزیہ شامل ہے۔ جہاز پر موجود مسافروں اور عملے کو طبی سہولیات اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ وائرس کی جینیاتی ترتیب (سیکوینسنگ) کا عمل بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کے مطابق ہنٹا وائرس عموماً متاثرہ چوہوں کے پیشاب یا فضلے کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ بیماری نایاب ہے، تاہم بعض صورتوں میں یہ انسان سے انسان میں بھی منتقل ہو سکتی ہے اور شدید سانس کی بیماری کا سبب بن سکتی ہے۔ڈبلیو ایچ او اس معاملے میں رکن ممالک اور جہاز کے آپریٹرز کے درمیان رابطہ کاری میں مصروف ہے، جبکہ دو متاثرہ مسافروں کے طبی انخلا کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ باقی مسافروں کے لیے صحت سے متعلق خطرات کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :