سعودی ہیریٹج کمیشن کے مطلوبہ لائسنس کے بغیر نوادرات کی تجارت پر جرمانے

منگل 5 مئی 2026 10:22

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) سعودی ہیریٹج کمیشن نے مطلوبہ لائسنس کے بغیر نوادرات کی ڈیلنگ پر جرمانے عائد کر دیئے۔ اردو نیوز کے مطابق کمیشن نے گزشتہ روز رپورٹ میں کہا ہےکہ یہ اقدام مملکت کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اس سیکٹر کے ریگولیشن کی تعمیل کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ کمیشن نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزیوں میں رجسٹریشن، دستاویزات یا ضروری لائسنس کے بغیر آن لائن پلیٹ فارمز پر نوادرات کی نمائش اور فروخت شامل ہے، جو نوادرات، میوزیم اور شہری ورثے کے قانون کی واضح خلاف ورزی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ جرمانوں کی نوعیت خلاف ورزی اور حالات کے مطابق مختلف تھی اور بعض معاملات میں جرمانے 15 ہزار ریال تک پہنچ گئے۔ کمیشن نے مملکت کے ورثے کے مقامات اور کلیکشنز سے متعلق خلاف ورزیوں کی نگرانی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سعودی ہیریٹج کمیشن نے ’’عادت‘‘ کے نام سے قومی آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ سعودی آثارِ قدیمہ کے بارے میں فہمِ عامہ میں اضافہ ہو سکے۔

یہ مہم کمیشن کے ان وسیع اقدامات کا ایک حصہ ہے جن کا مقصد سعودی آثار کو توجہ کا مرکز بنانا ہے نیز اس مہم میں قدیم آثار ان پر ناجائز قبضہ یا ان کی غیر قانونی سمگلنگ جیسے خطرات کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے جن کی وجہ سے قدیم آثار کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :