کولمبیا ، کوئلے کی کان میں دھماکے سے 9 کان کن ہلاک ، 6 کو زندہ نکال لیا گیا

منگل 5 مئی 2026 11:08

بگوٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) کولمبیا کے صوبہ کنڈینامارکا کے ضلع سوٹاٹاؤسا میں کوئلے کی کان میں گیس جمع ہونے کے باعث دھماکے سے 9 کان کن ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق کولمبیا کی نیشنل مائننگ ایجنسی نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز لا سِسکودا کان میں پیش آیا، حادثے کے وقت کان میں 15 مزدور کام کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

نیشنل مائننگ ایجنسی کے مطابق 9 اپریل کو کیے گئے ایک معائنے میں پہلے ہی اس مقام پر خطرات کی نشاندہی کی گئی تھی، جن میں گیس کا جمع ہونا اور متروک سرنگوں کی ناقص بندش شامل تھی۔ بعدازاں وینٹی لیشن اور گردوغبار پر قابو پانے کے لیے سفارشات بھی جاری کی گئی تھیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو ریسکیو کر کے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ صوبے کے گورنر جارج ایمیلیو رے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔