چین ،آتش بازی کے پلانٹ میں دھماکے سے اموات بڑھ کر 26 ہو گئیں

منگل 5 مئی 2026 15:38

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) چین کے صوبہ ہنان میں آتش بازی کے پلانٹ میں دھماکے سے اموات کی تعداد بڑھ کر 26 ہو گئی ہے جبکہ 61 افراد زخمی ہیں۔ شنہوا کے مطابق یہ دھماکہ گزشتہ شام کو تقریباً 4 بج کر 43 منٹ پر لیویانگ شہر میں واقع پلانٹ میں ہوا، جوصوبائی دارالحکومت چانگشا کے زیر انتظام ایک کاؤنٹی سطح کا شہر ہے۔ یہ پلانٹ ہواشینگ فائر ورکس مینوفیکچرنگ اینڈ ڈسپلے کمپنی کا تھا۔

(جاری ہے)

چانگشا کے میئر چھن بوزہنگ نے منگل کو پریس کانفرنس کے دوران متاثرین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ، مقامی رہائشیوں اور معاشرے سے معذرت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم گہرے دکھ اور ندامت میں مبتلا ہیں۔ پریس کانفرنس سے قبل شرکانے ہلاک ہونے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے ۔ پولیس نے کمپنی کے ذمہ دار شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ لیویانگ میں تمام آتش بازی بنانے والی فیکٹریوں کی پیداوار عارضی طور پر روک دی گئی ہے اور ان کی اصلاح و جانچ کا عمل جاری ہے۔