برطانیہ کے شہر برسٹل میں ہولناک پراسرار دھماکا، 2 افراد ہلاک

منگل 5 مئی 2026 23:03

برسٹل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2026ء) برطانیہ کے شہر برسٹل میں ایک رہائشی علاقے میں ہونے والے پراسرار دھماکے نے ہر طرف خوف پھیلا دیا۔پولیس کے مطابق دھماکے میں 1 مرد اور 1 خاتون موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ 1 بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے بعد علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا۔پولیس نے واقعے کو’مشکوک‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیچیدہ اور حساس تحقیقات ہیں، دھماکے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔حکام کے مطابق دھماکے کے بعد درجنوں مکینوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، تاہم اب بیشتر افراد کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا، لیکن متاثرہ گھر کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔