اچھرہ لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر بیورو نے والدین کی ذہنی و سماجی کیفیت پر مبنی ریسرچ کا آغاز کر دیا ہے۔سارہ احمد

منگل 5 مئی 2026 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ اچھرہ لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے تناظر میں بیورو نے والدین کی ذہنی و سماجی کیفیت پر مبنی ریسرچ کا آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے معزز اراکینِ اسمبلی، بالخصوص اپوزیشن کے رکن کی جانب سے دی گئی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اہم معاملے پر جامع تحقیق کی جا رہی ہے اور جلد اس کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی تاکہ موثر پالیسی سازی میں مدد مل سکے۔

چیئرپرسن نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں، جہاں بعض اوقات نومولود بچوں کو انتہائی غیر محفوظ حالات میں چھوڑ دیا گیا، تاہم چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایسے بچوں کو ریسکیو کیا اور انہیں محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا، جن میں قانونی طریقہ کار کے تحت گود لینے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بچوں کے تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تحقیق، آگاہی اور موثر اقدامات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ چیئرپرسن نے کہا کہ بیورو جلد اپنی تحقیقاتی رپورٹ ایوان کے سامنے پیش کرے گا تاکہ اس حساس مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جا سکے۔