اگر لاک ڈاؤن ختم نہ ہوا تو 14مئی کو ملک بھرمیں احتجاج کریں گے،آل پاکستان انجمن تاجران

پورے ملک میں مارکیٹیں رات 10بجے تک کھولنے کا اعلان کیا جائے، صدراجمل بلوچ کی نیوزکانفرنس

منگل 5 مئی 2026 23:00

اگر لاک ڈاؤن ختم نہ ہوا تو 14مئی کو ملک بھرمیں احتجاج کریں گے،آل پاکستان ..
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) آل پاکستان انجمن تاجران نے ملک بھر میں زبردستی دکانیں بند کرانے کے خلاف چودہ14مئی کو ملک گیر احتجاج کی کال دے دی اور حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ مارکیٹیں رات دس بجے تک اور ہوٹل ساری رات کھولنے کی اجازت دی جائے۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے کسان، صنعت کار اور تاجر شدید پریشانی کا شکار ہیں، پہلے گندم اور سبزیوں کے کاشتکار برباد ہوئے اور اب روزانہ فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پنجاب کے سخت قوانین لاگو کر کے تاجروں کو سزائیں دی جا رہی ہیں، جبکہ سندھ حکومت کا رویہ مشاورت کے حوالے سے قابلِ تحسین ہے۔اجمل بلوچ نے مطالبہ کیا کہ جیولرز اور دیگر دکانداروں کو ٹیکس کے نام پر ہراساں کرنا بند کیا جائے اور فوری طور پر آٹھ بجے مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے، بصورتِ دیگر 14مئی کو پورے ملک میں پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج ہوگا۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ پیک آورز میں ایک سو ساٹھ روپے فی یونٹ مہنگی بجلی اور انتظامی دھونس نے کاروبار کو تباہ کر دیا ہے، اب مزید لاک ڈاؤن قبول نہیں کیا جائے گا۔