پنجاب میں ریاست مخالف سوشل میڈیا مہم پ کریک ڈاؤن، 13 افراد گرفتار

منگل 5 مئی 2026 20:43

پنجاب میں ریاست مخالف سوشل میڈیا مہم پ کریک ڈاؤن، 13 افراد گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2026ء) پنجاب بھر میں ریاست مخالف سوشل میڈیا سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے ایک ماہ میں 13 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں ڈائریکٹر پنجاب نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی محمد علی وسیم کی ہدایت پر مختلف سرکلز میں کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق گجرانوالہ سرکل سے حامد رضا، عمران افضل اور وقار احمد کو گرفتار کیا گیا۔ فیصل آباد سرکل سے اسماعیل اور صدیق جبکہ ملتان سرکل سے ارشد، عمر، جنید اور اظہر کو حراست میں لیا گیا۔ لاہور سرکل میں کارروائی کے دوران عثمان، قمر، عباس اور طاہر مشتاق کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریاستی اداروں اور حکومت کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز اور منفی مواد شئر کر رہے تھے، جس سے عوامی جذبات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ریاستی نظم و نسق پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔

(جاری ہے)

تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ان کے قبضے سے ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق کیسز کو میرٹ پر آگے بڑھایا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے گی۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال، خصوصاً ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن یا اشتعال انگیز مواد کی تشہیر، قابلِ سزا جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔