آپریشن بنیان مرصوص دنیا کی افواج کے لیے اسٹیڈی کیس بن چکا ہے،وزیراطلاعات پنجاب

منگل 5 مئی 2026 20:44

آپریشن بنیان مرصوص دنیا کی افواج کے لیے اسٹیڈی کیس بن چکا ہے،وزیراطلاعات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ گزشتہ سال مئی میں بھارت نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرتے ہوئے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر جارحیت مسلط کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس جارحیت کا فوری اور موثر جواب دیتے ہوئے دشمن کو ایسا دندان شکن سبق سکھایا جسے اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے چند ہی لمحوں میں بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا، جبکہ پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی طیاروں کو فضا میں تنکوں کی طرح بکھیر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مئی کی اس جنگ میں بھارت کو ہونے والی شکست کا صدمہ ایک سال گزرنے کے باوجود آج بھی اس کی فوج نہیں بھلا سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی اس تاریخی فتح کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا اور پاک فوج کو دنیا کی بہترین اور پیشہ ورانہ افواج میں شمار کیا گیا۔

عظمی بخاری کے مطابق بھارتی جنگی طیاروں کی تباہی کے چرچے آج بھی عالمی میڈیا کی سرخیوں میں نمایاں ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص دنیا بھر کی افواج کے لیے ایک اسٹڈی کیس بن چکا ہے، جس میں پاکستان کی عسکری حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الحمدللہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ مئی کی جنگ میں پاکستانی قوم نے سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی افواج کا بھرپور ساتھ دیا اور آج بھی بھارت کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ جب بھی پاکستان کے دفاع کی بات آئے گی، پوری قوم متحد ہو کر ایک آواز بنے گی۔