مئی 2025ء کو بھارت نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کی‘ عظمیٰ بخاری

منگل 5 مئی 2026 20:50

مئی 2025ء کو بھارت نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کی‘ عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مئی 2025ء میں بھارت نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرتے ہوئے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر جارحیت مسلط کی،پاکستان نے اس جارحیت کا فوری اور موثر جواب دیتے ہوئے دشمن کو ایسا دندان شکن سبق سکھایا جسے اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے چند ہی لمحوں میں بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا جبکہ پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی طیاروں کو فضا میں تنکوں کی طرح بکھیر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مئی کی اس جنگ میں بھارت کو ہونے والی شکست کا صدمہ ایک سال گزرنے کے باوجود آج بھی اس کی فوج نہیں بھلا سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی اس تاریخی فتح کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا اور پاک فوج کو دنیا کی بہترین اور پیشہ ورانہ افواج میں شمار کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق بھارتی جنگی طیاروں کی تباہی کے چرچے آج بھی عالمی میڈیا کی سرخیوں میں نمایاں ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص دنیا بھر کی افواج کے لیے ایک اسٹڈی کیس بن چکا ہے، جس میں پاکستان کی عسکری حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الحمدللہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ مئی کی جنگ میں پاکستانی قوم نے سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی افواج کا بھرپور ساتھ دیا، اور آج بھی بھارت کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب بھی پاکستان کے دفاع کی بات آئے گی، پوری قوم متحد ہو کر ایک آواز بنے گی۔