ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لورالائی کا گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بلوچ کالونی کا اچانک دورہ

منگل 5 مئی 2026 22:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لورالائی عبدالحمید ابڑو نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بلوچ کالونی کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد تعلیمی معیار، تدریسی عمل اور اسکول میں نظم و ضبط کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران ڈی ای او نے مختلف کلاس رومز میں جا کر تدریسی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو جانچا اور حاضری رجسٹرز کی پڑتال کی۔

انہوں نے طلبہ سے براہِ راست گفتگو بھی کی اور ان کے تعلیمی معیار کا جائزہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالحمید ابڑو نے کہا کہ تعلیم محض ڈگری کے حصول کا نام نہیں بلکہ کردار سازی اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے خود کو تیار کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ وقت کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں اور روزانہ کا سبق باقاعدگی سے یاد کریں۔

(جاری ہے)

ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ کرام سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار اور طلبہ کے لیے رول ماڈل ہیں، لہٰذا نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی و سماجی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو تعلیمی ماحول بہتر اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی سخت ہدایت کی۔آخر میں ڈی ای او لورالائی نے اسکول کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :