گورنر ہاؤس کراچی میں ڈاکٹر شہباز علی ملک کی گورنر سندھ سید نہال ہاشمی سے ملاقات

جمعرات 7 مئی 2026 19:04

گورنر ہاؤس کراچی میں ڈاکٹر شہباز علی ملک کی گورنر سندھ سید نہال ہاشمی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور پاک افریقہ اکنامک کونسل کے بانی چیئرمین ڈاکٹر شہباز علی ملک نے گورنر ہاؤس کراچی میں سندھ کے گورنر سید محمد نہال ہاشمی سے ملاقات کی۔ملاقات میں کراچی کے موجودہ چیلنجز، صوبائی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور عوامی فلاح و بہبود کے موضوعات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ڈاکٹر شہباز علی ملک نے گورنر سندھ کو کراچی میں جاری شدید گرمی کی لہر، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کے بحران سے متعلق عوام کی مشکلات سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر شہباز علی ملک نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور اس شہر کی ترقی و خوشحالی پورے ملک کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر سندھ سے درخواست کی کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کو کراچی کے بنیادی مسائل (بجلی، پانی، ٹریفک اور انفراسٹرکچر) کے حل کے لیے موثر حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی جائے۔

گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے ڈاکٹر شہباز علی ملک کے تجاویز اور خدشات کو توجہ سے سنا اور یقین دلایا کہ صوبے کے تمام شہروں بالخصوص کراچی کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے معاشی سرمایہ کاری، انڈسٹریل ترقی اور پاکستان افریقہ اکنامک تعاون بڑھانے میں ڈاکٹر شہباز علی ملک کے کردار کو سراہا۔ملاقات میں پاکستان افریقہ اکنامک کونسل کے تحت صوبہ سندھ میں ممکنہ پروجیکٹس اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔