معرکہ حق نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قومی وقار کو بلند کیا، شازیہ مری

جمعرات 7 مئی 2026 17:46

معرکہ حق نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قومی وقار کو بلند کیا، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن قومی عزم، بہادری اور اتحاد کی علامت ہے۔اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں ثابت کیا کہ وطن کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قومی وقار کو بلند کیا۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ پوری قوم پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے متحد ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور قوم اپنے بہادر سپاہیوں اور شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ قومی سلامتی اور جمہوری استحکام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ان کے مطابق دشمن نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر قومی اتحاد نے تمام سازشیں ناکام بنا دیں۔شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی مثر حکمت عملی اپنائی اور دشمن کے پروپیگنڈے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی دنیا پر واضح کیا کہ بھارت خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مؤقف اور بیانیے کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی اور دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور مذاکرات کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔