سعودی عرب،حج سیزن سے قبل مقامی عازمین کے لئے ویکسین لگوانے کے لیے 10 دن کی مہلت مقرر

بدھ 6 مئی 2026 10:17

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) سعودی عرب کی وزارتِ صحت نےمقامی حجاج کی صحت کی تیاریوں کو بہتر بنانے اور احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے کے لئے عازمین کے لئے ویکسین لگوانے کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 دن کی مہلت مقرر کردی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت نےگزشتہ روز اس بات پر زور دیا ہے کہ حفاظتی ٹیکے مناسک کی صحت و سلامتی کے ساتھ ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے دفاعی ڈھال کی حیثیت رکھتے ہیں۔

وزارت نے وضاحت کی کہ حج کی ویکسین لگوانے کا مثالی وقت اب سے لے کر سیزن کے آغاز سے دس دن پہلے تک ہے تاکہ مطلوبہ مدافعت حاصل کی جا سکے اور بیماریوں کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔ وزارت نے بتایا کہ تجویز کردہ ویکسینز میں گردن توڑ بخار، کووڈ۔19 اور موسمی انفلونزا شامل ہیں کیونکہ یہ زیادہ ہجوم والے سیزن کے دوران انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بھی بتایا گیا کہ ان ویکسینز کے لیے ’’صحتی‘‘ ایپ کے ذریعے وقت لیا جا سکتا ہے، جو بالغوں کی ویکسی نیشن کلینکس کی خدمات کا حصہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد طریقہ کار کو منظم کرنا اور سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزارت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ماہرین کی تشخیص کے مطابق یہ ویکسینز ایک ساتھ یا الگ الگ لگوائی جا سکتی ہیں۔ ساتھ ہی ان کے مکمل طور پر محفوظ ہونے پر زور دیا گیا ہے، بشمول حاملہ خواتین کے لیے، کیونکہ یہ تمام ویکسینز منظور شدہ حفاظتی معیارات کے مطابق ہیں۔ یہ سفارشات وزارتِ صحت کی ان کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد صحت کو فروغ دینا، طبی خطرات کو کم کرنا اور ضیوف الرحمن کے لیے حج کے محفوظ اور صحت مند سیزن کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :