پولیس مقابلے میں ڈکیت گینگ کا ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

بدھ 6 مئی 2026 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) تھانہ کھنہ کے علاقے میں پولیس اور ڈکیت گینگ کے درمیان مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کر رہی تھی کہ اسی دوران واردات کی نیت سے چھپے مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس اہلکاروں نے فوری حفاظتی اقدامات کیے، جس کے باعث وہ محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ڈکیتی، راہزنی اور دورانِ واردات شہریوں کو زخمی کرنے کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ فرار ہونے والے ساتھی ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔