رانا مشہود احمد خاں کا نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی ،نوجوانوں کیلئے روزگار، ہنرمندی اور کاروباری مواقع کے فروغ کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ

منگل 12 مئی 2026 20:07

رانا مشہود احمد خاں کا نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی ،نوجوانوں کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی ،نوجوانوں کیلئے روزگار، ہنرمندی اور کاروباری مواقع کے فروغ کے لئے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی وفاقی کابینہ سے منظور ہو چکی ہے اور جلد ہی وزیر اعظم شہبازشریف اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو چین-پاکستان ٹیکنیکل کوآپریشن ورکشاپس اور ورلڈ سکلز پاکستان نیشنل سکلز کمپیٹیشن 2026 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے آغاز میں انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان، چینی شراکت دار اداروں کے نمائندگان، صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات، ترقیاتی شراکت داروں اور نوجوان شرکا کا خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس تقریب کو پاکستان اور چین کے درمیان فنی تعلیم اور ہنر مندی کے شعبے میں مضبوط دوستی اور بڑھتے ہوئے تعاون کی ایک اہم مثال قرار دیا۔اپنے خطاب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا اور انہیں ایسے مواقع فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی کے لئے بروئے کار لا سکیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی وفاقی کابینہ سے منظور ہو چکی ہے اور جلد ہی وزیر اعظم شہبازشریف اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ پالیسی کی اہم خصوصیات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ لیبر فورس سروے اب ہر چار سال کے بجائے ہر سال منعقد کیا جائے گا تاکہ روزگار اور افرادی قوت سے متعلق درست اور بروقت اعداد و شمار دستیاب ہوں۔

ان کے مطابق یہ اقدام بہتر منصوبہ بندی اور مثر پالیسی سازی میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ہر سال نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں کم از کم 10 فیصد اضافہ یقینی بنایا جائے گا جبکہ نوجوان کاروباری افراد اور سٹارٹ اپس کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت لیبر فورس میں خواتین کی کم از کم 35 فیصد شمولیت یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو باعزت روزگار اور بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔چیئرمین نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کی قیادت اور ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ادارے نے گزشتہ چند برسوں میں فنی و پیشہ وارانہ تعلیم کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے۔انہوں نے بریگیڈیئر(ر)ساجد کھوکھر کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پنجاب میں ہنر مندی کے فروغ کے لئے ان کی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب تمام صوبے یکساں ترقی کریں۔وزیراعظم شہبازشریف کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف ایک صوبے کی ترقی کافی نہیں بلکہ قومی خوشحالی کے لئے تمام صوبوں کا آگے بڑھنا ضروری ہے۔بیرونِ ملک تربیتی مواقع حاصل کرنے والے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین جانے والے منتخب نوجوان کامیابیاں حاصل کر کے وطن واپس آئیں گے اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین نے شرکا کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دی اور انہیں ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لئے محنت جاری رکھنے کی تلقین کی۔