کیمبرج کا ریاضی کا پرچہ ایک بار پھر آئوٹ ہوگیا

خالد مقبول صدیقی کا کیمبرج امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک ہونے کے واقعہ کا نوٹس حکومت پاکستان طلبہ کے تعلیمی مستقبل، شفاف امتحانی نظام اور میرٹ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، وفاقی وزیر ہم پیپر لیک ہونے سے متعلق الزامات کی تحقیقات کرتے ہیں،انفرادی رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے،عظمی یوسف لوگوں سے درخواست ہے صرف کیمبرج کے آفیشل بیانات پر اعتماد کریں، غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں، کیمبرج کنٹری ہیڈ

منگل 12 مئی 2026 20:50

کیمبرج کا ریاضی کا پرچہ ایک بار پھر آئوٹ ہوگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) کیمبرج کا ریاضی کا پرچہ ایک بار پھر آئوٹ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق 12مئی کی دوپہر ہونیوالا پرچہ شروع ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا کی زینت بن گیا تھا ۔طلبا جب کمرہ امتحان میں گئے تو وہی پرچہ سامنے آیا جو کئی گھنٹے پہلے سوشل میڈیا پر موجود تھا۔آئی بی سی سی اسلام آباد کے حکام نے بھی پرچہ آٹ ہونے کی تصدیق کردی۔

دوسری جانب فاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کیمبرج امتحانات کے مبینہ پرچوں کے لیک ہونے کے واقعہ پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین کیلئے شدید ذہنی دباؤ، اضطراب اور بے یقینی کا باعث بنتے ہیں، خصوصاً ان طلبہ کیلئے جو محنت اور ایمانداری سے اپنی تیاری کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، خصوصاً جب گزشتہ سال بھی اس نوعیت کے واقعات سامنے آئے تھے۔ کیمبرج کو چاہیے کہ وہ اپنے امتحانی نظام، سکیورٹی پروٹوکولز اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر، مضبوط اور ناقابلِ اختراق بنائے تاکہ طلبہ کے اعتماد کو بحال رکھا جا سکے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی بی سی سی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ کیمبرج حکام کے ساتھ فوری رابطہ قائم کرکے معاملے کی مکمل جانچ، حقائق کی وضاحت اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائیں۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان طلبہ کے تعلیمی مستقبل، شفاف امتحانی نظام اور میرٹ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور تمام متعلقہ اداروں کو ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔دریں اثناء کیمرج اے ایس لیول میں پرچہ لیک ہونے کے معاملہ پر کیمبرج کنٹری ہیڈ عظمی یوسف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیپر لیک ہونے سے متعلق تمام الزامات کی تحقیقات کرتے ہیں،انفرادی رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے، واقعی کوئی مسئلہ ہو تو ہم مناسب وقت پر سکولوں کو آگاہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں سے درخواست ہے صرف کیمبرج کے آفیشل بیانات پر اعتماد کریں، غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں، کیونکہ یہ طلبہ کے لیے بہت نقصان دہ ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں آئی بی سی سی کے سربراہ غلام علی ملاح نے کہا کہ کیمبرج کا پرچہ آئوٹ ہونے سے متعلق تصدیق نہیں کی، صرف کیمبرج انتظامیہ ہی اس کی تصدیق یا تردید کرسکتی ہے۔ غلام علی ملاح نے کہا کہ کیمبرج انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔